جشنِ معرکۂ حق کے موقع پر 75 روپے کا یادگاری سکہ جاری

“جشنِ معرکۂ حق” کی مناسبت سے 75 روپے کا خصوصی یادگاری سکہ جاری کر دیا ہے، جس کا مقصد اس تاریخی دن کی عظمت کو اجاگر کرنا اور قومی شعور کو بیدار کرنا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق، یہ سکہ ملک بھر کے نامزد دفاتر سے عام شہریوں کو دستیاب ہوگا اور اسے قانونی حیثیت بھی حاصل ہے۔ سکے کا اجرا ان عظیم قربانیوں اور نظریاتی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے کیا گیا ہے جو معرکۂ حق کی علامت ہیں۔
سکہ چاندی اور نکل کے امتزاج سے تیار کیا گیا ہے اور اس پر قومی پرچم، اسلامی نقش و نگار اور “جشنِ معرکۂ حق” کی تاریخ نمایاں انداز میں کندہ کی گئی ہے۔ دوسری جانب سکے کی پشت پر اس کی مالیت 75 روپے درج ہے، جو اسے دیگر یادگاری سکوں سے ممتاز بناتی ہے۔
وزارتِ خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے حکام نے بتایا کہ یہ اقدام نہ صرف ایک تاریخی واقعے کی یاد کو تازہ کرتا ہے بلکہ نئی نسل کو اپنی تاریخ، نظریہ اور قومی وقار سے جوڑنے کی کوشش بھی ہے۔
یادگاری سکے کی رونمائی ایک باوقار تقریب میں کی گئی، جس میں حکومتی نمائندوں، عسکری قیادت، دانشوروں اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔