خیبرپختونخوا میں57 فیصد افراد کو دہشتگردی میں اضافے کاخدشہ، نیا گیلپ سروے جاری

تاریخ: 19 جولائی 2025
پشاور: گیلپ پاکستان کی تازہ رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خطرات ایک بار پھر عوام کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، جہاں 57 فیصد شہریوں نے دہشتگردی میں ممکنہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔سروے میں صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد سے سوالات کیے گئے جن میں زیادہ تر لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آنے والے دنوں میں خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی کارروائیاں بڑھ سکتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 30 فیصد افراد نے موجودہ حالات کو غیر یقینی اور خطرناک قرار دیا، جبکہ 13 فیصد نے کہا کہ حالات اب بھی بہتر ہو سکتے ہیں اگر بروقت اقدامات کیے جائیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دہشتگردی سے متعلق عوامی خدشات کو سنجیدگی سے لینا ہوگا کیونکہ ایسے جذبات امن و امان کے مجموعی ماحول پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ سیکیورٹی ادارے بھی اس معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور مختلف علاقوں میں نگرانی کا عمل مزید سخت کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ کچھ مہینوں میں خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں چند پرتشدد واقعات پیش آ چکے ہیں جن کی بنیاد پر یہ خدشات زور پکڑ رہے ہیں۔ گیلپ پاکستان کی یہ رپورٹ سیکیورٹی پالیسی سازوں کے لیے ایک اہم اشارہ ہو سکتی ہے تاکہ بروقت فیصلے کیے جا سکیں۔