محکمہ خوراک سندھ کے گوداموں میں اربوں روپے کی گندم خراب ہونے کا انکشاف

محکمہ خوراک سندھ
گندم خراب ہونے کا انکشاف

تاریخ: 16 جولائی 2025

کراچی محکمہ خوراک سندھ کے گوداموں میں ذخیرہ کی گئی گندم کی ناقص دیکھ بھال اور انتظامی لاپرواہی کے باعث اربوں روپے مالیت کی گندم خراب ہو چکی ہے۔ ذرائع کے مطابق مختلف اضلاع میں موجود سرکاری گوداموں میں گندم کو طویل عرصے سے بغیر کسی مناسب حفاظتی اقدامات کے رکھا گیا، جس کے نتیجے میں نمی، کیڑوں اور پھپھوندی نے گندم کو متاثر کیا۔اس اہم انکشاف کے بعد محکمہ خوراک سندھ کے اعلیٰ افسران کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔گندم جیسا قیمتی غذائی ذخیرہ جو لاکھوں افراد کی خوراک کی ضروریات پوری کرتا ہے، اس کا اس طرح ضائع ہونا سنگین بدانتظامی کی واضح مثال ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر گندم کو سائنسی بنیادوں پر محفوظ کیا جاتا تو اتنا بڑا نقصان نہ ہوتا۔گندم کی خرابی سے نہ صرف مالی نقصان ہوا بلکہ صوبے میں ممکنہ غذائی قلت کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ عوامی حلقے مطالبہ کر رہے ہیں کہ مستقبل میں گندم کو ذخیرہ کرنے کے لیے جدید سہولیات اور بہتر نگرانی کا نظام رائج کیا جائے تاکہ اس قیمتی اجناس کو محفوظ بنایا جا سکے۔