ہنی ٹریپ کا شکار شہری سوشل میڈیا کے ذریعے اغوا، پولیس کا کامیاب ریسکیو آپریشن

کراچی: گھوٹکی پولیس اور سٹیزنز پولیس لائژن کمیٹی (سی پی ایل سی) نے مشترکہ کارروائی میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے اغوا ہونے والے شہری محمد شعیب کو بازیاب کرالیا۔

bridal bouguets
bridal bouguets

تفصیلات کے مطابق، 9 جولائی کو کراچی کے علاقے جیکسن سے محمد شعیب کو ایک جعلی “ضرورت رشتہ” پیج کے ذریعے ہنی ٹریپ کیا گیا۔ اغوا کاروں نے شعیب کے اہل خانہ سے 45 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔

پولیس اور سی پی ایل سی کی مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں 19 جولائی کو شعیب کو سندھ کے کچے کے علاقے سے بحفاظت بازیاب کرالیا گیا، جبکہ ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

شعیب نے بتایا کہ وہ ایک رشتہ تلاش کرنے والے فیس بک پیج سے منسلک تھا، جہاں ایک لڑکی نے اس سے بات چیت کی اور اپنی والدہ سے بھی رابطہ کروایا۔ بھروسہ پیدا ہونے پر شعیب نے اپنی والدہ کو اعتماد میں لیا اور کراچی سے روانہ ہوگیا۔

جب وہ اوباڑو پہنچا تو ایک موٹر سائیکل سوار شخص نے اسے ساتھ لے جاکر قید کرلیا، جہاں اسے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور تاوان طلب کیا گیا۔

پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ سوشل میڈیا پر رابطے کرتے وقت انتہائی احتیاط برتی جائے، خاص طور پر جب بات ملاقات یا سفر کی ہو۔