پاکستان کا نیا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ 31 جولائی کو خلا میں بھیجا جائے گا

پاکستان

پاکستان 31 جولائی کو اپنا نیا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے جا رہا ہے۔ یہ سیٹلائٹ چین کے خلائی مرکز سے لانچ کیا جائے گا اور مختلف قومی شعبوں میں معلوماتی معاونت فراہم کرے گا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، سیٹلائٹ کی تیاری پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے چین کے تعاون سے مکمل کی ہے۔ اسے چین کے تیوان اسپیس لانچ سینٹر سے مقررہ تاریخ کو مدار میں روانہ کیا جائے گا۔

سیٹلائٹ کے ذریعے زمین کی سطح کی نگرانی، زراعت، ماحولیاتی مشاہدے، شہری منصوبہ بندی اور قدرتی آفات کی پیشگی معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔حکام کے مطابق، سیٹلائٹ جدید ریموٹ سینسنگ ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور یہ ملک کی ترقیاتی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنے میں مدد دے گا۔

سپارکو حکام کا کہنا ہے کہ سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والا ڈیٹا مقامی اداروں کو فراہم کیا جائے گا، جس کے ذریعے فیصلوں میں بہتری لائی جا سکے گی۔لانچنگ کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، اور تکنیکی ٹیمیں مشن کی نگرانی کے لیے چین میں موجود ہیں۔