گوگل میپ کے دکھائے راستے پر جانے والی گاڑی نالے میں جاگری

بھارت کی ریاست مہاراشٹرا میں ایک افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب گوگل میپ پر دکھائے گئے راستے پر چلنے والی ایک کار نالے میں جاگری۔ واقعہ اتوار کی شب ضلع پونے کے قریب پیش آیا، جب گاڑی میں سوار چار افراد شدید بارش کے دوران متبادل راستہ ڈھونڈ رہے تھے۔
پولیس کے مطابق کار سوار افراد گوگل میپ پر دکھائے گئے قریبی راستے پر روانہ ہوئے، لیکن اندھیرے اور بارش کے باعث وہ یہ نہ دیکھ سکے کہ سڑک آگے جا کر نالے میں ختم ہو رہی ہے۔ نتیجتاً گاڑی تیز رفتاری سے سیدھی نالے میں جا گری۔
حکام نے بتایا کہ گاڑی میں سوار تمام افراد کو مقامی افراد کی مدد سے بحفاظت نکال لیا گیا اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ کار کو بعد ازاں کرین کی مدد سے نکالا گیا۔واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے شکایت کی کہ گوگل میپ اکثر ایسے راستے تجویز کرتا ہے جو یا تو بند ہوتے ہیں یا خطرناک۔ خاص طور پر بارشوں کے دوران یہ مسئلہ بڑھ جاتا ہے۔بلدیاتی حکام کا کہنا ہے کہ اس مقام پر پہلے بھی ایک دو معمولی حادثات ہو چکے ہیں، مگر اس بار نالے کا پانی زیادہ ہونے کی وجہ سے صورتحال خطرناک ہو گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ گوگل کو اس مقام کے بارے میں مطلع کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے نقشے میں اس راستے کو درست کر سکے۔ پولیس کی جانب سے بھی عوام کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم اور اجنبی علاقوں میں ڈرائیونگ کے دوران ڈیجیٹل نقشوں پر مکمل انحصار نہ کریں۔