امریکا: سالگرہ کے تحفے میں ملی لاٹری نے بڑا انعام جتوا دیا

امریکی ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے لیے سالگرہ کا تحفہ زندگی بدل دینے والا لمحہ بن گیا، جب ایک دوست کی جانب سے دی گئی لاٹری ٹکٹ نے لاکھوں ڈالر کا بڑا انعام جتوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق 43 سالہ ریچل والیس کو ان کی سالگرہ پر ایک قریبی دوست نے “اسکریچ کارڈ لاٹری” تحفے میں دی، جس پر ابتدائی طور پر انہوں نے زیادہ دھیان نہیں دیا۔ تاہم چند روز بعد جب انہوں نےچیک کی، تو حیرت کے ساتھ پایا کہ وہ ایک لاکھ امریکی ڈالر ($100,000) جیت چکی ہیں۔
خوش قسمت ریچل کا کہنا تھا، “مجھے بالکل یقین نہیں آیا، میں نے کئی بار وہ نمبر دوبارہ دیکھے۔ میری سالگرہ کا یہ سب سے انمول تحفہ تھا!”
ورجینیا لاٹری حکام نے بھی اس انعام کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ یہ ٹکٹ ریاست کے ایک مقامی اسٹور سے خریدا گیا تھا۔ حکام کا کہنا تھا کہ ایسے انعامات لوگوں کی زندگیوں کو مثبت طور پر بدلنے کا سبب بن سکتے ہیں، مگر انہیں محتاط طریقے سے خرچ کرنا چاہیے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ لاٹری ٹکٹس اکثر تفریح کے لیے خریدے جاتے ہیں، مگر کبھی کبھار قسمت ایسا رخ بدلتی ہے کہ ایک چھوٹا سا ٹکٹ زندگی کا نیا دروازہ کھول دیتا ہے۔واضح رہے کہ امریکا میں ہر سال ہزاروں افراد لاٹری سسٹم کے ذریعے قسمت آزماتے ہیں، جن میں سے چند ہی افراد کو بڑے انعامات ملتے ہیں۔ اس واقعے نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ قسمت کبھی بھی، کسی بھی لمحے دروازہ کھٹکھٹا سکتی ہے۔