بابر، شاہین اور رضوان کی فوری واپسی کا امکان کم

بابر، شاہین اور رضوان کی فوری واپسی کا امکان کم
بابر، شاہین اور رضوان کی فوری واپسی کا امکان کم

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے تین اہم کھلاڑیوں — بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان — کی قومی ٹیم میں فوری واپسی کے امکانات معدوم ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی نئی مینجمنٹ آئندہ سیریز کے لیے ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے کے حق میں ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر، رضوان اور شاہین کو نہ صرف آرام دیا جا رہا ہے بلکہ ٹیم میں تازہ دم خون لانے کی حکمت عملی بھی زیر غور ہے۔ بورڈ کے قریبی حلقے اشارہ دے رہے ہیں کہ مستقبل کی ٹیم کی تشکیل میں ان سینیئر کھلاڑیوں کا کردار وقتی طور پر محدود رکھا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کوچنگ اسٹاف اور سلیکشن کمیٹی نوجوانوں کو زیادہ مواقع دینے کی حامی ہے، خاص طور پر اس لیے کہ حالیہ بڑی ٹورنامنٹس میں سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی توقعات سے کم رہی۔ اسی پس منظر میں یہ فیصلہ کیا جا رہا ہے کہ اگلی دو سیریز میں سینیئرز بابر، شاہین اور رضوان کو باہر بٹھایا جا سکتا ہے۔ادھر کرکٹ حلقوں میں اس فیصلے پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ بعض ناقدین اسے درست قدم قرار دے رہے ہیں، جب کہ کچھ کا ماننا ہے کہ ان کھلاڑیوں کو مکمل طور پر نظر انداز کرنا ٹیم کے توازن کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

فی الحال پی سی بی کی جانب سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا، تاہم قوی امکان ہے کہ آئندہ اسکواڈ میں بابر، رضوان اور شاہین کا نام شامل نہ ہو۔