برطانوی شیفس نے دنیا کا سب سے بڑا اسکوچ ایگ تیار کرلیا

لندن: برطانیہ میں پیشہ ور شیفس نے ایک منفرد کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے دنیا کا سب سے بڑا اسکوچ ایگ تیار کر لیا، جسے دیکھ کر ہر کوئی حیران رہ گیا۔یہ دیو ہیکل اسکوچ ایگ ایک خصوصی ایونٹ کے دوران تیار کیا گیا جہاں کئی ماہر باورچیوں نے مل کر اسے تخلیق کیا۔ اس انوکھے ایگ کا وزن 8 کلوگرام سے زائد بتایا جا رہا ہے، جو ایک عام سے درجنوں گنا بڑا ہے۔
شیفس کے مطابق اس ایگ کی تیاری میں ایک بڑے سائز کا انڈا استعمال کیا گیا، جسے قیمے، مصالحوں اور بریڈ کرمز میں لپیٹ کر تلا گیا۔ اسے مکمل تیار کرنے میں کئی گھنٹے صرف ہوئے، اور آخرکار جب اسے عوام کے سامنے پیش کیا گیا تو ہر کسی نے بے ساختہ داد دی۔
یہ انوکھا ایگ صرف کھانے یا تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ اس کا مقصد خیرات کے لیے فنڈز جمع کرنا بھی تھا۔ منتظمین کے مطابق اس تقریب سے حاصل ہونے والی آمدنی مقامی فلاحی اداروں کو دی جائے گی تاکہ ضرورت مند بچوں کی مدد کی جا سکے۔
فی الحال گنیز ورلڈ ریکارڈز سے باضابطہ تصدیق کا عمل جاری ہے، مگر منتظمین پرامید ہیں کہ یہ اسکوچ ایگ عالمی ریکارڈ کی فہرست میں ضرور شامل ہو گا۔