ہلک ہوگن کی یادمیں تقریب،بچپن سے بڑھاپے تک کے سفرکی ویڈیوجاری

ہلک ہوگن

دنیا بھر میں ریسلنگ کے مداحوں کے لیے ایک جذباتی لمحہ اس وقت آیا جب امریکی ریسلنگ لیجنڈ ہلک ہوگن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ان کی زندگی کے مختلف مراحل کو دکھاتی ایک دستاویزی ویڈیو جاری کی گئی۔

یہ تقریب امریکہ کے شہر ٹمپا، فلوریڈا میں منعقد ہوئی، جہاں قریبی دوست، فیملی ممبران، سابق ریسلرز، مداحوں اور کئی معروف شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایک دستاویزی ویڈیو دکھائی گئی، جس میں ہلک ہوگن کے بچپن، ابتدائی ریسلنگ کیریئر، شہرت کی بلندیوں اور حالیہ زندگی کو دلچسپ انداز میں پیش کیا گیا۔

ویڈیو میں ہلک ہوگن کے نوجوانی کے دنوں، رنگ میں ان کے مشہور مقابلوں،کامیابیوں، اور بعد ازاں فلمی دنیا میں قدم رکھنے جیسے لمحات شامل تھے۔ ویڈیو کے اختتام پر ان کے حالیہ انٹرویوز اور بزرگ عمری میں مداحوں کے ساتھ جذباتی لمحات بھی دکھائے گئے، جس سے کئی افراد کی آنکھیں نم ہو گئیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف ریسلر جان سینا نے کہا

“ہلک ہوگن نہ صرف ریسلنگ کے ہیرو تھے بلکہ ایک تحریک بھی تھے۔ وہ آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔ ان کی محنت، جوش اور لگن نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔

ہلک ہوگن، جن کا اصل نام ٹری ہارڈ بولا ہے، 1980 اور 90 کی دہائی میں ریسلنگ کے سب سے بڑے نام کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کی مخصوص اسٹائل، طاقتور شخصیت اور مداحوں سے رابطہ انہیں ایک عالمی آئیکون بنا گیا۔