فلم ’رانجھنا‘ کا اختتام اے آئی سے بدل کر دوبارہ ریلیز کی تیاری، ڈائریکٹر آنند ایل رائے ناراض

بالی ووڈ کی 2013 میں ریلیز ہونے والی مشہور رومانوی فلم ’رانجھنا‘ کو مصنوعی ذہانت اے آئی کی مدد سے نیا اختتام دے کر دوبارہ ریلیز کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ تاہم، فلم کے ہدایتکار آنند ایل رائے نے اس اقدام پر سخت ناراضی ظاہر کی ہے۔
ذرائع کے مطابق، فلم کے پروڈیوسرز ایک نیا ایڈیشن متعارف کرانا چاہتے ہیں جس میں فلم کے مرکزی کردار کرشنا (دانوش) کو آخر میں زندہ دکھایا جائے گا۔ نیا ورژن ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر جاری کیا جائے گا، اور اس میں اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے فلم کے آخری مناظر کو مکمل طور پر تبدیل کیا جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر آنند ایل رائے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
فلم کا انجام اس کی اصل روح ہے، اور اسے بدلنا تخلیقی بے حرمتی کے مترادف ہے۔ میں اس فیصلے سے سخت اختلاف کرتا ہوں۔
فلم “رانجھنا” میں دانوش، سونم کپور اور ابھے دیول نے اہم کردار نبھائے تھے، اور یہ فلم اپنے جذباتی اختتام کے باعث شائقین میں مقبول ہوئی تھی۔
پروڈیوسرز کے مطابق،اے آئی ورژن کا مقصد نئی نسل کو کہانی کا ایک متبادل رخ دکھانا ہے تاکہ وہ فلم سے مختلف انداز میں جڑ سکیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ورژن صرف تجرباتی اور تفریحی نوعیت کا ہوگا، اور اصل فلم کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر اس خبر پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کئی صارفین نے اس اقدام کو “تخلیقی آزادی” کے خلاف قرار دیا ہے جبکہ کچھ نے اسے جدید ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال کہا ہے۔