ڈالر مزید مہنگا، 20 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

ملکی زرمبادلہ مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد 20 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ کاروباری ہفتے کے آغاز پر انٹربینک مارکیٹ میں قیمت میں 1 روپے 15 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 294.70 روپے ہو گئی۔
اوپن مارکیٹ میں بھی طلب میں اضافہ جاری ہے، جہاں 299 روپے کے قریب فروخت ہوتا رہا۔ ماہرین کے مطابق ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کی بنیادی وجوہات میں درآمدی ادائیگیاں، غیر یقینی معاشی صورتحال، اور بیرونی قرضوں کی واپسی کے دباؤ شامل ہیں۔کرنسی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے ذخیرہ اندوزی میں اضافہ ہو رہا ہے، جب کہ مرکزی بینک کی جانب سے کسی فوری مداخلت کے آثار تاحال نظر نہیں آ رہے۔
اقتصادی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہی رجحان جاری رہا تو آئندہ دنوں میں قیمت 300 روپے کی نفسیاتی حد کو بھی عبور کر سکتی ہے، جس سے مہنگائی میں مزید اضافے کا خطرہ پیدا ہو جائے گا۔