اسمارٹ فونز کے ذریعے زلزلے کی پیشگوئی کرنے والا سسٹم تیار

اسمارٹ فونز کے ذریعے زلزلے

کیلی فورنیا: سائنسدانوں نے ایک جدید سسٹم تیار کر لیا ہے جس کے ذریعے اب عام اسمارٹ فونز کی مدد سے زلزلے کی پیشگوئی ممکن ہو سکے گی۔ یہ سسٹم موبائل فون میں موجود سینسرز کو استعمال کرتے ہوئے زمین کی حرکت کو محسوس کرتا ہے اور کسی بھی ممکنہ زلزلے سے قبل الرٹ جاری کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق، اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر مبنی یہ سسٹم دنیا بھر میں لاکھوں اسمارٹ فونز کو ایک نیٹ ورک میں جوڑ کر زلزلوں کی ابتدائی لہروں کا پتہ لگاتا ہے اور صارفین کو فوری انتباہ فراہم کرتا ہے۔

ابتدائی طور پر یہ سسٹم جاپان، نیوزی لینڈ اور یونان میں کامیابی کے ساتھ آزمایا گیا ہے، جس کے بعد اسے دیگر زلزلہ خیز ممالک میں بھی متعارف کروانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ مکمل طور پر درست زلزلے کی پیشگوئی اب بھی ممکن نہیں، لیکن یہ سسٹم چند سیکنڈ پہلے انتباہ دے کر انسانی جانوں کے ضیاع کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ترقی پذیر ممالک جہاں جدید زلزلہ پیما آلات کی کمی ہے، وہاں یہ سسٹم ایک سستا اور مؤثر حل ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں پاکستان، بھارت، ترکی اور ایران جیسے ممالک میں بھی اس سسٹم کو فعال کیا جا سکتا ہے۔