تنخواہ بڑھانے کے لیے ملازمین کو دوڑنا ہوگا:چینی کمپنی کا انوکھا اعلان

چین کی ایک معروف ٹیکنالوجی کمپنی نے تنخواہوں میں اضافے کے لیے ایک انوکھا اور حیران کن طریقہ متعارف کروا دیا ہے۔ کمپنی کی نئی پالیسی کے مطابق، اب ملازمین کو اپنی جسمانی فٹنس ثابت کرنے کے لیے روزانہ مخصوص فاصلہ دوڑنا ہوگا، اور یہی کارکردگی ان کی تنخواہ میں اضافے کا معیار بنے گی۔
چینی شہر شینژین میں واقع اس کمپنی نے اپنے دفتری احاطے میں ایک خصوصی “رننگ ٹریک” بھی تیار کیا ہے جہاں روزانہ کم از کم 3 کلومیٹر دوڑنے کے پابند ہوں گے۔ جو ملازمین یہ ہدف باقاعدگی سے مکمل کریں گے، انہیں بونس اور تنخواہ میں اضافے کی صورت میں انعام دیا جائے گا۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ ,ہم سمجھتے ہیں کہ ایک صحت مند جسم ہی بہتر دماغ کا ضامن ہوتا ہے، اور ہمارے ملازمین کی فٹنس دراصل ہماری پیداواری صلاحیت میں براہ راست اضافہ کرے گی۔
اس پالیسی نے سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل پیدا کیا ہے۔ کچھ افراد نے اسے ایک مثبت قدم قرار دیا ہے جو کام کی جگہوں پر صحت مند ماحول کو فروغ دے گا، جب کہ بعض حلقوں نے اسے ملازمین پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے والی حکمتِ عملی کہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ کمپنی کی نیت اچھی ہو سکتی ہے، مگر اس قسم کی پالیسیوں میں رضاکارانہ شرکت کو یقینی بنانا بہت ضروری ہے تاکہ یہ بوجھ محسوس نہ ہو بلکہ خود اسے اپنائیں۔