ماہرین نے کافی مشین کے استعمال سے خبردار کر دیا

ماہرین نے کافی مشین کے استعمال

یورپین فوڈ سیفٹی ماہرین نے کافی مشین کے روزانہ استعمال سے متعلق اہم وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر صاف مشینوں سے تیار کی جانے والی کافی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔

تحقیقی رپورٹ کے مطابق، گھریلو اور دفتری کافی مشینز میں اکثر جراثیم، فنگس اور نقصان دہ بیکٹیریا جمع ہو جاتے ہیں، جو وقت کے ساتھ انسانی جسم میں منتقل ہو سکتے ہیں۔ خاص طور پر وہ مشینیں جو روزانہ استعمال ہوتی ہیں مگر صفائی پر توجہ نہیں دی جاتی، ان سے صحت متاثر ہو سکتی ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ کافی مشین کے اندر موجود واٹر ٹینک، نوزل اور پائپ لائنز میں نمی اور حرارت کی وجہ سے جراثیم تیزی سے بڑھتے ہیں، جو پیٹ کی خرابی، الرجی اور سانس کی بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں۔

صحت کے ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ کافی مشین کا استعمال محفوظ بنانے کے لیے اسے باقاعدگی سے صاف کیا جائے، پانی روزانہ تبدیل کیا جائے اور مشین کی مکمل صفائی ہفتے میں کم از کم ایک بار ضرور کی جائے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کافی پینا نقصان دہ نہیں، لیکن غیر صاف مشین سے بنی ہوئی کافی سے صحت کو سنجیدہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔