چوری شدہ پوسٹس سے کمائی کا سلسلہ ختم: فیس بک کا سخت اقدام

چوری کمائی کا سلسلہ ختم
چوری کمائی کا سلسلہ ختم

سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے ایک بڑا اور واضح فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب چوری شدہ یا دوسروں کا مواد بغیر اجازت شیئر کرنے والے صارفین اور پیجز کو مالی فائدہ حاصل نہیں ہو گا۔ اس اقدام کا مقصد اصل مواد تخلیق کرنے والوں کے حقوق کا تحفظ اور پلیٹ فارم پر معیاری مواد کو فروغ دینا ہے۔فیس بک کی جانب سے جاری کردہ پالیسی اپڈیٹ میں کہا گیا ہے کہ جو پیجز یا اکاؤنٹس دوسروں کی تحریری، تصویری یا ویڈیو پوسٹس کو بغیر اجازت چوری کر کے اپنی وال پر لگائیں گے، وہ اب ایڈ ریونیو (آمدنی) کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔ اس پالیسی پر مرحلہ وار عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

کمپنی کے ترجمان کے مطابق،ہمارا مقصد یہ ہے کہ اصل تخلیق کاروں کو ان کی محنت کا صلہ ملے، اور وہ افراد یا پیجز جو صرف دوسروں کے مواد پر انحصار کرتے ہیں، انہیں حوصلہ شکنی کا سامنا ہو

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ فیس بک کا یہ فیصلہ یوٹیوب اور انسٹاگرام جیسے دیگر پلیٹ فارمز کے لیے بھی مثال بن سکتا ہے، جہاں اکثر و بیشتر وائرل مواد کا اصل ذریعہ نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔یہ اقدام بلاگرز، وی لاگرز اور صحافیوں کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے ان کے اصل کام کی قدر بڑھے گی اور ڈیجیٹل دنیا میں سرقہ کو محدود کرنے میں مدد ملے گی۔