معروف بھارتی کامیڈین فِش وینکٹ انتقال کر گئے، انڈسٹری سوگوار

وینکٹ راؤ
وینکٹ راؤ

حیدرآباد: بھارتی فلم انڈسٹری کا ایک اور چمکتا ستارہ بجھ گیا، معروف تیلگو مزاحیہ اداکار فِش وینکٹ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 57 برس تھی اور وہ گزشتہ کئی ماہ سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔فِش وینکٹ، جن کا اصل نام وینکٹ راؤ تھا، نے تیلگو سنیما میں کئی دہائیوں تک کامیڈی کرداروں سے شائقین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں۔ ان کا مخصوص بولنے کا انداز، چہرے کے تاثرات اور برجستہ مکالمے انہیں دیگر اداکاروں سے ممتاز کرتے تھے۔

ان کی وفات کی خبر سامنے آتے ہی مداحوں اور فلمی برادری میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ کئی اداکاروں، ہدایت کاروں اور مداحوں نے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک ’’غیر معمولی فنکار‘‘ قرار دیا۔

فِش وینکٹ کا فلمی سفر 1990 کی دہائی میں شروع ہوا، جس کے بعد وہ متعدد بلاک بسٹر فلموں کا حصہ بنے۔ انہوں نے نہ صرف مرکزی کرداروں کو مزاحیہ رنگ دیا بلکہ خود بھی اسکرین پر اپنی الگ پہچان بنانے میں کامیاب رہے۔

ان کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ وینکٹ نہایت عاجز طبیعت کے انسان تھے، اور سینئر و جونیئر تمام فنکار ان سے بے حد محبت کرتے تھے۔

ان کی آخری رسومات کل حیدرآباد میں انجام دی جائیں گی، جہاں بڑی تعداد میں شوبز سے وابستہ افراد کی شرکت متوقع ہے۔