ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری

 سیلابی صورتحال
سیلابی صورتحال

اسلام آباد: محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں جاری مون سون بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے چند روز کے دوران خیبرپختونخوا، شمالی و جنوبی پنجاب، آزاد کشمیر اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور دریاؤں و ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

حکام نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور عوام کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تیار رہیں۔ دیہی علاقوں میں رہنے والے افراد کو نشیبی علاقوں سے عارضی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی تلقین کی گئی ہے۔

مزید یہ کہ سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں کے سفر سے گریز کریں تاکہ ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ یا سڑکوں کی بندش سے بچا جا سکے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ 3 سے 4 روز تک جاری رہ سکتا ہے، جس کے دوران وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے طوفان بھی آ سکتے ہیں۔حکام کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مصدقہ ذرائع سے موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔