چکوال میں شدید بارش، 400 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ، سیلابی ایمرجنسی نافذ

چکوال اور گرد و نواح میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کے نتیجے میں 400 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے سیلابی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ حالیہ بارش معمول سے کئی گنا زیادہ ہے، جس نے نشیبی علاقوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ متعدد دیہات میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے جبکہ زرعی زمینوں اور سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ریسکیو 1122 اور ضلعی حکومت کے اہلکار متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر چکوال کے مطابق اسکولوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے اور تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ سیلابی ریلوں کے خدشے کے پیش نظر دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب رہائش پذیر افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا کہا گیا ہے۔
مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر امدادی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ہنگامی مراکز قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔