ہاکی باتوں سے ٹھیک نہیں ہوگی ہمیں سہولیات دی جائیں: کپتان قومی ہاکی ٹیم عماد بٹ

لاہور: قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے ہاکی کی زبوں حالی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف بیانات دینے سے معاملات بہتر نہیں ہوں گے، ترقی دینی ہے تو کھلاڑیوں کو عملی سہولیات اور جدید سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عماد بٹ کا کہنا تھا کہ قومی کھیل کے ساتھ گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل غفلت برتی جا رہی ہے۔ ہم دن رات محنت کرتے ہیں لیکن جب سہولیات ہی میسر نہ ہوں، تربیتی کیمپ بروقت نہ لگیں، اور مالی مسائل درپیش ہوں تو کارکردگی کیسے بہتر ہوگی؟
عماد بٹ نے کہا کہ کھلاڑیوں کو مناسب ڈائٹس، معیاری کوچنگ، بین الاقوامی دورے اور جدید ٹریننگ سسٹمز کی ضرورت ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر مقابلہ کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف جذباتی تقاریر یا میڈیا میں دعوے کرنے سے نہیں سنبھلے گی۔انہوں نے حکومتی اداروں، پاکستان فیڈریشن اور اسپورٹس بورڈ سے مطالبہ کیا کہ قومی ٹیم کو سنجیدگی سے لیا جائے اور مستقل بنیادوں پر فنڈز، سہولیات اور تربیتی نظام مہیا کیا جائے۔
واضح رہے کہ ٹیم حالیہ برسوں میں عالمی درجہ بندی میں نیچے جا چکی ہے اور اس کی بڑی وجہ سہولیات کی کمی، انتظامی مسائل اور مناسب توجہ کا نہ ہونا بتایا جاتا ہے۔