دوران ملازمت ہفتے میں کتنے دن کام کرنا بہتر صحت کا ضامن ہے، تحقیق میں اہم انکشاف

برطانیہ میں کی گئی ایک حالیہ سائنسی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ہفتے میں چار دن کام کرنا ملازمین کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے۔
یہ تحقیق کیمبرج یونیورسٹی اور برطانیہ کے ادارہ برائے لیبر اسٹڈیز کی جانب سے کی گئی، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 60 سے زائد اداروں نے حصہ لیا۔ مطالعے کے دوران 6 ماہ تک ہزاروں ملازمین کو ہفتے میں چار دن کام کرنے کی اجازت دی گئی۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق، ان ملازمین میں ذہنی دباؤ، نیند کی خرابی، اور تھکن کی شکایات میں نمایاں کمی دیکھی گئی، جبکہ اداروں کی کارکردگی پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا۔ماہرین کے مطابق، چار دنہ ورک ویک نہ صرف ملازمین کی فلاح کا باعث بنتی ہے بلکہ ان کی پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ کرتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیشتر اداروں نے اس تجربے کو کامیاب قرار دیا ہے اور طویل مدتی بنیادوں پر اسے اپنانے پر غور کر رہے ہیں۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 90 فیصد سے زائد اداروں نے ہفتے میں چار دن کے کام کے ماڈل کو پائیدار اور مؤثر قرار دیا ہے۔
ادارہ جاتی سطح پر اس تجربے کے بعد کئی کمپنیوں نے مستقل بنیادوں پر پانچ کے بجائے چار دنہ کام کا نظام متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔