آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس سے متعلق اہم تفصیلات لیک

آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس

ایپل کی جانب سے رواں سال ستمبر میں متوقع طور پر متعارف کروائے جانے والے آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس کے حوالے سے اہم تفصیلات لیک ہو گئی ہیں۔ ٹیکنالوجی تجزیہ کاروں کے مطابق نئی سیریز میں ایپل نے نمایاں تبدیلیاں کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق iPhone 17 Pro اور iPhone 17 Pro Max میں کیمرے کے نظام میں انقلابی بہتری متوقع ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی فون 17 پرو میکس میں 8x آپٹیکل زوم فیچر شامل ہوگا، جو اب تک کے تمام آئی فونز میں سب سے زیادہ ہے۔ اس کے علاوہ دونوں ماڈلز میں نیا فیزیکل کیمرہ بٹن بھی متعارف کروائے جانے کا امکان ہے۔

ڈیزائن کے حوالے سے بھی بڑی تبدیلی سامنے آئی ہے۔ لیکس کے مطابق iPhone 17 Pro کا فریم اب ٹائٹینیم کے بجائے ایلومینیم سے تیار کیا جائے گا۔ ساتھ ہی کیمرہ بَمپ کو افقی شکل میں ترتیب دیا گیا ہے، اور ایپل کا لوگو نیچے کی طرف منتقل کیا گیا ہے تاکہ MagSafe چارجر کی سہولت میں رکاوٹ نہ ہو۔

کارکردگی کے لحاظ سے iPhone 17 Pro اور Pro Max میں ایپل کا نیا A19 Pro چپ استعمال کی جائے گی، جو TSMC کی 3 نینومیٹر ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگی۔ ساتھ ہی دونوں فونز میں 12 جی بی ریم دیئے جانے کا امکان ہے، جو ایپل کی تاریخ میں ایک نیا قدم ہوگا۔

ایپل کی نئی سیریز کا باضابطہ اعلان ستمبر 2025 کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے، جبکہ پری آرڈر ممکنہ طور پر 8 ستمبر سے شروع ہوں گے۔ قیمت کے حوالے سے اندازہ ہے کہ iPhone 17 Pro کی قیمت 1,45,000 پاکستانی روپے کے لگ بھگ ہو گی جبکہ iPhone 17 Pro Max کی قیمت 1,64,000 روپے سے تجاوز کر سکتی ہے۔

ٹیک ماہرین کے مطابق آئی فون 17 سیریز خاص طور پر فوٹوگرافی اور گیمنگ کے شوقین صارفین کے لیے ایک نئی جہت لے کر آئے گی۔