بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ دلجیت کی فلم ’سردار جی 3‘ کی حمایت میں سامنے آگئے

دلجیت کی فلم ’سردار جی

بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے معروف گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کی نئی فلم ’سردار جی 3‘ کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے اسے پنجابی سنیما کے لیے ایک “مثبت قدم” قرار دیا ہے۔

پیر کے روز چنڈی گڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ دلجیت دوسانجھ نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں پنجابی ثقافت کے سفیر بن کر ابھرے ہیں، اور ان کی فلم ’سردار جی 3‘ پنجابی فلم انڈسٹری کو عالمی سطح پر روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

بھگونت مان نے کہا
“دلجیت دوسانجھ نے ہمیشہ معیاری اور خاندانی تفریح فراہم کی ہے۔ ’سردار جی‘ سیریز پنجابی نوجوانوں کو اپنی ثقافت سے جوڑنے میں مدد دیتی ہے۔ ’سردار جی 3‘ کا آنا فنکاروں کے لیے حوصلہ افزا ہے
۔”

واضح رہے کہ ’سردار جی 3‘ دلجیت دوسانجھ کی مشہور کامیڈی-فینٹسی فلم سیریز کی تیسری کڑی ہے، جسے رواں سال کے آخر میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔ فلم کے ٹریلر نے سوشل میڈیا پر پہلے ہی مداحوں سے بھرپور داد وصول کی ہے، جبکہ دلجیت کی اداکاری، مزاح اور لوک ثقافت سے جڑی کہانی کو سراہا جا رہا ہے۔

پنجاب حکومت نے حالیہ برسوں میں مقامی فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، جن میں فلم سازی کے لیے سبسڈی، شوٹنگ پرمٹ میں آسانی، اور مقامی ٹیلنٹ کی تربیت شامل ہیں۔