پاکستان میں مہنگائی میں بڑی کمی ہوئی، امسال قیمتوں میں استحکام کا امکان ہے: اے ڈی بی رپورٹ

پاکستان میں مہنگائی

اسلام آباد ایشیائی ترقیاتی بینک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور رواں مالی سال کے دوران ملک میں قیمتوں کے استحکام کا قوی امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی اوسط شرح 12 فیصد سے کم ہوکر 8 فیصد کے قریب آنے کا امکان ہے، جس کی بنیادی وجوہات میں مالیاتی پالیسیوں میں سختی، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور اشیائے خورونوش کی رسد میں اضافہ شامل ہیں۔

اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ حکومتی اقدامات، جیسا کہ مالیاتی نظم و ضبط، سبسڈی کی مؤثر تقسیم، اور اشیاء کی قیمتوں پر کنٹرول نے مہنگائی کے رجحان کو نیچے لانے میں مدد دی ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر موجودہ معاشی حکمت عملی جاری رہی تو رواں سال عوام کو قیمتوں میں مزید استحکام اور ریلیف حاصل ہو سکتا ہے۔ تاہم، رپورٹ میں خبردار بھی کیا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل یا غذائی اشیاء کی قیمتوں میں کسی بھی غیر متوقع اضافے کا اثر مقامی مہنگائی پر پڑ سکتا ہے۔