میٹا نے کم عمر انسٹا گرام صارفین کے تحفظ کیلئے نئے فیچرز متعارف کرا دیے

میٹا

میٹا نے انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے نئے حفاظتی فیچرز متعارف کرا دیے ہیں۔ کمپنی کے مطابق ان اقدامات کا مقصد 18 سال سے کم عمر صارفین کو آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔

نئے فیچرز کے تحت کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس خودکار طور پر پرائیویٹ سیٹنگ میں تبدیل ہو جائیں گے، تاکہ صرف منظور شدہ افراد ہی ان کی پوسٹس اور معلومات دیکھ سکیں۔ علاوہ ازیں، بالغ افراد جو ان صارفین کو فالو نہیں کرتے، ان سے رابطہ نہیں کر سکیں گے۔

میٹا نے والدین کے لیے بھی “فیملی سینٹر” کے نام سے نیا کنٹرول پینل متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے وہ بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھ سکیں گے۔ اس میں اسکرین ٹائم، فالوورز، اور دیگر تفصیلات شامل ہوں گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیچرز امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں فوری طور پر دستیاب ہوں گے، جبکہ دیگر ممالک میں مرحلہ وار متعارف کرائے جائیں گے۔

ماہرین نے ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کم عمر صارفین کی حفاظت وقت کی اہم ضرورت ہے۔