مائیکروسافٹ 4 کھرب ڈالر کی مارکیٹ ویلیو حاصل کرنے والی پہلی کمپنی بن گئی

عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کی صفِ اول کی کمپنی مائیکروسافٹ نے ایک تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے 4 کھرب امریکی ڈالر کی مارکیٹ ویلیو حاصل کر لی ہے، جس کے بعد وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔
مارکیٹ رپورٹس کے مطابق، حالیہ دنوں میں مائیکروسافٹ کے حصص کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا، جس نے کمپنی کی مجموعی مالیت کو نئی بلندی تک پہنچا دیا۔ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے باعث مائیکروسافٹ نے ایپل اور گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سرمایہ کاری کی دنیا میں نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق کمپنی کی اس شاندار کامیابی کے پیچھے کئی بڑے عوامل کارفرما ہیں، جن میں خاص طور پر مصنوعی ذہانت کے شعبے میں نمایاں پیش رفت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ سروسز کی بڑھتی مانگ، اور کاروباری صارفین کے لیے جدید سافٹ ویئر ٹولز کی فراہمی شامل ہے۔
مائیکروسافٹ کی جانب سے متعارف کرایا گیا ٹول “کاپائلٹ” اور دیگر جدید سہولیات نے کمپنی کو مارکیٹ میں نمایاں برتری دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی کی Azure کلاؤڈ سروسز نے بھی بڑی کارپوریشنز کا اعتماد حاصل کیا ہے، جو کہ آمدن میں نمایاں اضافہ کا باعث بن رہا ہے۔
دوسری جانب سرمایہ کاروں نے مائیکروسافٹ کے کاروباری ماڈل کو مستقبل کے لیے مستحکم اور پائیدار قرار دیا ہے، جس کی وجہ سے کمپنی کے حصص میں اضافہ مسلسل جاری ہے۔مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سنگ میل صرف مائیکروسافٹ ہی کے لیے نہیں بلکہ پوری ٹیکنالوجی انڈسٹری کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر یہی رفتار برقرار رہی تو مائیکروسافٹ آنے والے وقت میں مزید بڑے اہداف حاصل کر سکتی ہے۔