پاکستان خلا کی وسعتوں میں نئی تاریخ رقم کرنے جارہاہے! تیاریا

پاکستان ایک تاریخی سائنسی سنگِ میل عبور کرنے کے قریب ہے، کیونکہ ملکی سطح پر تیار کردہ جدید سیٹلائٹ کو خلا میں بھیجنے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ یہ مشن، جو سپارکو کی زیر نگرانی مکمل کیا گیا ہے، جلد ہی لانچ کے لیے روانہ کیا جائے گا۔ سیٹلائٹ کی تیاری اور روانگی کے تمام مراحل میں چین کا تکنیکی تعاون بھی شامل ہے۔
حکام کے مطابق یہ سیٹلائٹ زمین کی نگرانی، موسمیاتی تجزیے، زراعت، ماحولیات اور قومی سلامتی کے مختلف پہلوؤں پر ڈیٹا فراہم کرے گا۔ سیٹلائٹ کی بدولت قدرتی آفات جیسے سیلاب، زلزلے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا قبل از وقت پتہ چلایا جا سکے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ زرعی زمینوں کی نگرانی، فصلوں کی پیداوار کا جائزہ اور سرحدی علاقوں کی صورتحال پر نظر رکھنا بھی ممکن ہو جائے گا۔
یہ منصوبہ مکمل طور پر پاکستانی انجینئرز اور ماہرین کی کوششوں سے پایہ تکمیل تک پہنچا ہے، جو ملکی سائنسی ترقی کے لیے ایک بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کا یہ قدم بین الاقوامی خلائی دوڑ میں ایک مضبوط موجودگی کو ظاہر کرتا ہے، اور اس سے پاکستان کا سائنسی تشخص عالمی سطح پر اجاگر ہو گا۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کا خلا میں قدم رکھنا صرف ایک تکنیکی پیش رفت نہیں بلکہ قومی خودمختاری اور خود انحصاری کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں پاکستان مزید خلائی مشن بھیجنے کی صلاحیت حاصل کرے گا۔