پاکستان نے گزشتہ مالی سال 26.7 ارب ڈالرکا ریکارڈ غیر ملکی قرضہ لیا

پاکستان نے مالی سال 2023-24 کے دوران 26.7 ارب ڈالر کا ریکارڈ غیر ملکی قرضہ حاصل کیا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق یہ قرضہ مختلف عالمی مالیاتی اداروں، دو طرفہ ذرائع، کمرشل بینکوں اور بانڈز کے ذریعے حاصل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق، اس قرضے کا مقصد ادائیگیوں کے توازن کو برقرار رکھنا، زرمبادلہ ذخائر میں بہتری لانا اور بجٹ خسارے کو پورا کرنا تھا۔ صرف آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر حاصل کیے گئے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ مالی دباؤ اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کے پیش نظر قرضہ لینا ناگزیر تھا۔ ماہرین معیشت نے قرضوں میں اس اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی خودمختاری خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے کل بیرونی قرضے 130 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں، جبکہ روپے کی قدر میں کمی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے معاشی مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے۔