پی ٹی اے نے واٹس ایپ ہیکنگ سے بچاؤ کیلئے ایڈوائزری جاری کردی

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ صارفین کو ہیکنگ کے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے ایک اہم ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں اکاؤنٹس کو محفوظ رکھنے کے لیے متعدد احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ٹی اے کے مطابق حالیہ دنوں میں واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک ہونے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں صارفین کو دھوکہ دہی، فشنگ میسجز اور جعلی کالز کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اتھارٹی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ پر “ٹو اسٹیپ ویری فیکیشن” کو فعال کریں تاکہ غیر مجاز رسائی کو روکا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ، کسی نامعلوم نمبر سے موصول ہونے والے کوڈ یا لنک کو ہرگز شیئر نہ کریں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ہیکرز اکثر صارف کے اعتماد کو حاصل کرنے کے لیے مقامی یا بین الاقوامی نمبرز سے کالز کرتے ہیں اور جعلی دعووں سے اکاؤنٹ کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ادارے نے مزید کہا کہ اگر کسی صارف کو اپنے اکاؤنٹ میں مشکوک سرگرمی محسوس ہو تو فوری طور پر واٹس ایپ کی مدد سے رابطہ کرے اور اکاؤنٹ کو محفوظ بنائے۔پی ٹی اے نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی آن لائن سیکیورٹی کو سنجیدگی سے لیں اور ہر ممکن حفاظتی اقدام اپنائیں تاکہ ڈیجیٹل دھوکہ دہی سے بچا جا سکے۔