پنجاب حکومت نے صوبہ بھرکے باغات کو نو سموکنگ زون ڈکلئیرکردیا

پنجاب حکومت نے صحت عامہ کے تحفظ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے صوبہ بھر کے تمام عوامی باغات کو “نو سموکنگ زون” قرار دے دیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد شہریوں، خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے بچانا اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔
محکمہ بلدیات اور ماحولیات کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام اضلاع میں واقع پارکوں اور تفریحی مقامات پر “نو سموکنگ” کے سائن بورڈز نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پارکوں میں موجود عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو صحت مند طرزِ زندگی کی جانب راغب کرنا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ تمباکو نوشی نہ صرف پینے والے کی صحت کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ اردگرد موجود افراد بھی اس کے دھوئیں سے متاثر ہوتے ہیں، جسے سائنسی زبان میں “پیسو سموک” کہا جاتا ہے۔
پنجاب حکومت نے اس مہم کو “کلین اینڈ گرین پنجاب” پروگرام کا حصہ قرار دیا ہے، جس کا ہدف ماحولیاتی آلودگی میں کمی، سبزہ زاروں کا تحفظ، اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس قانون پر عمل کرتے ہوئے صاف اور محفوظ ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔