سٹیزن کین‘ میں استعمال ہونے والی نایاب سلیج ریکارڈ قیمت پر فروخت

نیویارک — ہالی وڈ کی کلاسک فلم ’سٹیزن کین‘ میں استعمال ہونے والی مشہور سلیج “روز بڈ” کو نیلامی میں ریکارڈ قیمت پر فروخت کر دیا گیا ہے۔

سٹیزن کین

تفصیلات کے مطابق 1941 میں بننے والی اس شہرۂ آفاق فلم میں استعمال ہونے والی یہ سلیج 68 لاکھ امریکی ڈالر میں فروخت ہوئی، جو فلمی نوادرات کی دنیا میں ایک نیا سنگِ میل تصور کی جا رہی ہے۔یہ سلیج فلم کے مرکزی کردار چارلس فوسٹر کین کے بچپن کی علامت کے طور پر دکھائی گئی تھی اور فلم کے اختتامی منظر میں اسے جلایا جاتا ہے۔ یہی “روز بڈ” فلم کی علامتی گہرائی کا مرکز رہی ہے، جس نے فلم بینوں کو دہائیوں تک متأثر کیا۔

نیلامی نیویارک میں ایک بین الاقوامی نیلام گھر میں ہوئی، جہاں دنیا بھر سے نوادرات جمع کرنے والے افراد نے شرکت کی۔ نیلام گھر کے مطابق یہ سلیج صرف تین اصل فلمی سلیج میں سے ایک ہے جو آج بھی محفوظ حالت میں موجود تھی۔خریدار کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، لیکن نیلامی منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ ایک معروف کلیکٹر ہیں جو ماضی میں بھی نایاب فلمی اشیاء خرید چکے ہیں۔

فلمی ماہرین کا کہنا ہے کہ سٹیزن کین کو سینما کی تاریخ کی عظیم ترین فلموں میں شمار کیا جاتا ہے، اور اس کا کوئی بھی اصل حصہ ثقافتی اور تاریخی اعتبار سے بے حد قیمتی ہوتا ہے۔