روس نے واٹس ایپ کو خطرہ قرار دیدیا، مارکیٹ چھوڑنے کی تیاری کی ہدایت

مارکیٹ چھوڑنے کی تیاری کی ہدایت
روس نے واٹس ایپ کو خطرہ قرار دیدیا

تاریخ: 19 جولائی 2025

ماسکو: روسی حکام نے پیغام رسانی کی مشہور ایپلی کیشن واٹس ایپ کو ملکی سلامتی کے لیے ممکنہ خطرہ قرار دیتے ہوئے، اس پر پابندی یا مارکیٹ سے اس کے انخلاء پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے۔روسی وزارتِ ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ واٹس ایپ کی سروسز میں بعض نئی تبدیلیاں اور رازداری کے متعلق خدشات سامنے آئے ہیں، جن سے شہریوں کے ڈیٹا کے غیر مجاز استعمال کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر کمپنی روسی قوانین کے مطابق مکمل تعاون فراہم نہیں کرتی تو اسے مقامی مارکیٹ چھوڑنے کی ہدایت دی جا سکتی ہے۔

اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو واٹس ایپ کے ڈیٹا پروٹوکول اور انکرپشن نظام کا تفصیلی جائزہ لینے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر واٹس ایپ پر واقعی پابندی عائد کی جاتی ہے تو اس سے روس میں متبادل ایپس جیسے ٹیلیگرام اور سگنل کے استعمال میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ روس میں لاکھوں صارفین کی جانب سے استعمال کی جاتی ہے، اور اس پر کوئی بھی بڑا اقدام شہریوں کی ڈیجیٹل سرگرمیوں کو متاثر کر سکتا ہے۔