ملک میں چینی کی سب سے بڑی تھوک منڈی سے چینی غائب، نیا بحران سر اٹھانے لگا

لاہور کی بادامی باغ تھوک منڈی سے چینی اچانک غائب ہو گئی ہے، جس کے بعد شہر میں چینی کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔تاجروں کے مطابق گزشتہ تین دن سے چینی کا نیا اسٹاک منڈی میں نہیں آیا، جبکہ پرانا ذخیرہ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔ متعدد دکانوں پر چینی دستیاب نہیں، اور خریدار خالی ہاتھ واپس جا رہے ہیں۔
خریداروں کا کہنا ہے کہ تھوک سطح پر چینی کی عدم دستیابی کے باعث ریٹیل مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے لگی ہیں۔ بعض علاقوں میں چینی 190 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی وضاحت یا ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ضلعی حکام نے اس حوالے سے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق بعض گوداموں میں چینی کا ذخیرہ موجود ہے، تاہم سپلائی روک دی گئی ہے جس پر ذخیرہ اندوزی کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
شہریوں اور تاجر تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر منڈی میں چینی کی فراہمی بحال کی جائے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔