گرم موسم میں گاڑی کو جلد از جلد ٹھنڈا کرنے میں مددگار آسان ترین ٹِرک

لاہور: جیسے ہی موسمِ گرما اپنی شدت اختیار کرتا ہے، ویسے ہی گاڑی میں بیٹھنا ایک تکلیف دہ تجربہ بن جاتا ہے، خاص طور پر جب دھوپ میں کھڑی گاڑی کا اندرونی درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر جاتا ہے۔ ماہرین نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک نہایت سادہ مگر مؤثر طریقہ تجویز کیا ہے جس سے بغیر ایئرکنڈیشنر کے فوراً ٹھنڈا کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر گاڑی سورج میں کھڑی ہو اور اندر درجہ حرارت ناقابلِ برداشت ہو جائے تو ایئرکنڈیشنر آن کرنے سے پہلے یہ آسان طریقہ اپنایا جائے: سب سے پہلے ڈرائیور سائیڈ کا دروازہ بند رکھیں اور مسافر سائیڈ کا دروازہ مکمل طور پر کھول لیں۔ اس کے بعد ڈرائیور سائیڈ کی کھڑکی کو چند مرتبہ اوپر نیچے کریں، جیسے پنکھا جھلنے کا عمل ہو۔ اس عمل کو 5 سے 6 بار دہرائیں۔
یہ طریقہ اندر کی گرم ہوا کو باہر دھکیل کر باہر کی نسبتاً ٹھنڈی ہوا کو داخل کرتا ہے، جس سے درجہ حرارت نمایاں حد تک کم ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد اگر ایئرکنڈیشنر چلایا جائے تو وہ بھی جلد مؤثر ہو جاتا ہے اور ایندھن کی بچت بھی ہوتی ہے۔
مزید یہ کہ دھوپ میں پارک کرتے وقت سن شیڈز کا استعمال، کھڑکیوں کو جزوی طور پر کھلا چھوڑ دینا، اور ہلکے رنگ کی سیٹ کورز استعمال کرنا بھی درجہ حرارت کم رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ماہرین نے تجویز دی ہے کہ گاڑی مالکان ان آسان تدابیر کو اپناتے ہوئے نہ صرف گرمی کی شدت سے بچ سکتے ہیں بلکہ گاڑی کی کارکردگی اور ایندھن کی کھپت کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔