آسیب زدہ گڑیا ’اینا بیل‘ خوف کی علامت بن گئی، تباہ کرنے کا مطالبہ

آسیب زدہ گڑیا

دنیا کی سب سے مشہور آسیب زدہ گڑیا ’اینا بیل‘ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے، کیونکہ حالیہ ہفتوں میں اس سے جڑی پراسرار واقعات اور سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کے بعد عوامی سطح پر اسے “خوف کی علامت” قرار دے کر تباہ کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔

یہ گڑیا اس وقت امریکہ کے ایک مشہور “اوکولٹ میوزیم” میں شیشے کے باکس میں محفوظ ہے، جہاں اسے مخصوص دعاؤں اور حفاظتی تدابیر کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ تاہم حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر ایسی رپورٹس سامنے آئیں کہ گڑیا کے قریب جانے والے بعض افراد نے ذہنی دباؤ، عجیب خواب اور پراسرار چوٹوں کی شکایات کی ہیں۔

ماہرینِ ماورائیات کا کہنا ہے کہ یہ گڑیا منفی توانائی سے بھرپور ہے اور اس سے جڑے واقعات مکمل طور پر نظر انداز نہیں کیے جا سکتے۔
پروفیسر کارل پیٹرز کے مطابق:

اینا بیل کوئی عام کھلونا نہیں، اس کے ساتھ کئی دہائیوں سے خوفناک کہانیاں منسلک ہیں، اور اس کا وجود خود ایک خطرہ بن چکا ہے۔

خوف زدہ شہریوں نے ایک آن لائن پٹیشن دائر کی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ گڑیا کو یا تو مکمل طور پر تباہ کر دیا جائے یا کسی ایسے مقام پر دفن کیا جائے جہاں کسی انسان کی رسائی نہ ہو۔

ادھر عجائب گھر کی انتظامیہ نے اس مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گڑیا مکمل حفاظتی نگرانی میں ہے اور اس سے کسی کو نقصان نہیں پہنچ سکتا، تاہم عوام کو اس سے دور رہنے کا مشورہ ضرور دیا گیا ہے۔