ویمن کرکٹرز پر اعتماد کی ضرورت ہے، کپتان فاطمہ ثنا

ویمن کرکٹرز

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ قومی خواتین کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر اعتماد کیا جانا چاہیے تاکہ وہ عالمی سطح پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ ثنا نے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں میں مکمل پوٹینشل موجود ہے لیکن انہیں موقع دیے بغیر ان کی صلاحیتوں کو پرکھنا درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ، “ہماری ٹیم میں ایسے نوجوان کھلاڑی شامل ہیں جو اگر تسلسل سے کھیلیں تو مستقبل میں پاکستان کے لیے بڑا کردار ادا کر سکتے ہیں، لیکن ہمیں انہیں بھرپور اعتماد دینا ہوگا۔”

فاطمہ ثنا نے بتایا کہ ویمن کرکٹ میں ترقی کے لیے صرف کھیل ہی نہیں بلکہ ذہنی طور پر بھی کھلاڑیوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اکثر خواتین کھلاڑی سماجی دباؤ اور محدود سہولیات کے باعث اپنی پوری کارکردگی نہیں دکھا پاتیں۔

کپتان نے زور دیا کہ کوچنگ، فٹنس اور اسپورٹس سائیکالوجی جیسے شعبوں میں بہتری سے ٹیم کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام اور میڈیا کی جانب سے ویمن ٹیم کی حوصلہ افزائی نہایت اہم ہے تاکہ خواتین کھلاڑیوں کو وہی عزت اور توجہ ملے جو مردوں کی کرکٹ کو حاصل ہے۔

فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم آنے والی سیریز کی تیاری میں مصروف ہے اور تمام کھلاڑی پُرعزم ہیں کہ وہ گراؤنڈ میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کریں گی۔واضح رہے کہ فاطمہ ثنا 2021 میں آئی سی سی ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں اور حال ہی میں انہیں پاکستان ویمن ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔