اروشی روٹیلا کا زیورات سے بھرا بیگ ایئرپورٹ سے چوری، کتنی مالیت تھی؟

بالی ووڈ اداکارہ اروشی روٹیلا کو حال ہی میں ایک انتہائی ناخوشگوار واقعے کا سامنا کرنا پڑا، جب ان کے قیمتی زیورات سے بھرا بیگ ایئرپورٹ پر پراسرار طور پر غائب ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق، اروشی دبئی سے ممبئی پہنچیں اور جب وہ اپنا سامان حاصل کرنے لگیں تو ایک بیگ غائب پایا۔ اس بیگ میں زیورات کے کئی مہنگے سیٹ موجود تھے جن کی مالیت تقریباً 30 لاکھ بھارتی روپے بتائی جا رہی ہے۔
اداکارہ نے فوراً ایئرپورٹ سکیورٹی اور مقامی پولیس کو اطلاع دی۔ حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ پولیس نے اس واقعے کو سنگین چوری قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
اروشی نے سوشل میڈیا پر بھی مداحوں سے اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انصاف کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا، یہ صرف مالی نقصان نہیں بلکہ میرے جذبات سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔
مداحوں نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ قیمتی سامان جلد بازیاب ہو جائے گا اور چور قانون کے شکنجے میں آئے گا۔