کراچی میں موسم خوشگوار، شہری بارش کے منتظر

موسم

شہر کراچی میں موسم قدرے معتدل اور خوشگوار ہو گیا ہے، تاہم محکمہ موسمیات کی پیشگوئیوں کے باوجود بارش کا سلسلہ اب تک شروع نہیں ہو سکا۔ شہریوں کو بارش کی امید تھی، مگر شہر میں بارش کی ایک بوند بھی نہیں گری۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال سے آنے والا مون سون سسٹم سندھ میں داخل ہوا تھا، مگر کراچی میں اس کا اثر کمزور پڑ گیا ہے۔ شہر میں ہواؤں کی سمت، نمی کی شرح اور درجہ حرارت بارش کے لیے موزوں نہیں، جس کے باعث مون سون کا اثر محدود ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ کراچی میں آئندہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش یا بوندا باندی کے امکانات موجود ہیں، تاہم کسی بڑی یا مسلسل بارش کی پیشگوئی فی الحال نہیں کی جا سکتی۔دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت اور گرمی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ واٹر بورڈ کے مطابق بارش نہ ہونے سے زیر زمین پانی کی سطح متاثر ہو رہی ہے، جبکہ ہائیڈرنٹس پر رش میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

شہری حلقوں کی جانب سے بارش نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ نارتھ کراچی کے رہائشی عمیر خان کا کہنا تھا کہ، “ہر سال بارش کا وعدہ کیا جاتا ہے، مگر ہمیں صرف بادل اور حبس ملتا ہے۔

بلدیاتی اداروں کا کہنا ہے کہ ممکنہ بارش کے پیش نظر نالوں کی صفائی کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے، تاہم اب تک کسی ہنگامی صورتحال کا سامنا نہیں ہوا۔